مسعود منور

بالآخر ۔ ۔ ۔

16 September 2017
Comments Off on بالآخر ۔ ۔ ۔

اُس نے مجھ کو اور میں نے اُس کو سیدھا کردیا
آسماں ہنستا رہا ہم پر ، کہ یہ کیا کردیا
سامنے ، اپنی اَنا کے بُت تھے جب وقتِ صلوٰۃ
بُت کدے کا نام مسجد رکھ کے سجدہ کردیا
حُکم کا بندہ ہوں رہتا ہوں خُدا کے حُکم میں
جیسا جیسا رب نے چاہا ، ویسا ویسا کردیا
نفس کے جتنے تھے بل ، میں نے نکالے عجز سے
کُتے کی دُم کو بڑی محنت سے سیدھا کردیا
معجزہ مجھ کو عطا ، اسمِ محبت سے ہوا
میں نے مُردہ دل کو دیکھو ، کیسے زندہ کر دیا
یہ تو اُس بُت کی مسیحائی تھی جس نے دفعتاؔ
آنکھ کے لیزر سے مجھ روگی کو اچھا کردیا
مُجھ کو اُس فن کار سے مسعود ہے ربطِ خفی
جس نے ساگر کو لپیٹا اور قطرہ کردیا
۔ ۔ ۔ مسعود مُنّور ۔ ۔ ۔