مسعود منور

تلاوت

10 December 2018
Comments Off on تلاوت

تلاوت
قرآنِ کریم ایک ہمہ وقتی سر چشمہ ء رشد و ہدایت ہے ، جس کے ذریعے رب اپنے بندوں سے باتیں کرتا ہے ۔ اگرچہ اسے کتابی شکل میں مدون کردیا گیا ہے مگر یہ پھر بھی خالق و مخلوق کے مابین لمحہ بہ لمحہ ہونے والی گفتگو ہے ۔ اوریہ معجزہ ہے اس زندہ کلام کا کہ میں قرآنِ کریم کے توسط سے رب سے باتیں کرتا ہوں ۔ میں سوالات کرتا ہوں بالکل ویسے ہی جیسے کوئی اپنے ذاتی دوست سے کرتا ہے یا کوئی مرید اپنے پیر سے کرتا ہے ۔
میرا یوں باتیں کرنا روحانی تربیت کا سلسلہ ہے ۔ سرچشمہ ء رشد و ہدایت سے میری یہ باتیں کرنا اطاعت ہے ۔ اطاعت کے لیے اُس حکم کو سنا جاتا ہےجو نافذ ہو رہا ہو ۔ اُس حکم پر لبیک کہنا اور اُس پر عمل درامد کو یقینی بنانا تلاوت ہے ۔ خواہشِ نفس کی ماری اس دنیا میں تلاوت میرے لیے پناہ گاہ ہے ۔ تلاوت وہ امن سرا ہے جہاں ضمہر کی آواز حکمت کی روشنی میں جلا پاتی ہے جس سے منفی دلیل کی موشگافی ، جذبات کی سطحیت اور فرقہ واریت کی پریشاں فکری میرے دل پر کنفیوژن کے رکیک حملے نہیں کر پاتی کیونکہ قرآن رشد و ہدایت کا طاقت ور ترین سرچشمہ ہے ۔ یہ کوئی گوگل نہیں جو میرے سوالات کا ریڈی میڈ جواب فراہم کر سکے ۔ یہ وہ ذریعہ نہیں ہے جو منی لانڈرنگ جیسے معجزے سے کسی کے بنک اکاؤنٹ میں ڈالر بھر دے ۔ 
یہ سرشمہ ء ہدایت خُدا کے بندوں کو اعمال کی دنیا میں داخل کرتا ہے جہاں تغیّر و تبدل کا دریا بہتا ہے ، جس کے بہاؤ میں شامل ہو کر بندہ ذرے سے آفتاب بن جاتا ہے ۔
وما ر علینا الالبلاغ