مسعود منور

از پئے حمد و نعت

5 February 2019
Comments Off on از پئے حمد و نعت

مرا مُرشد جو ختم المرسلیں ﷺ ہے
وہ سردار و امامِ کاملیں ہے
ترا جو رب ہے رب المسلمیں ہے
مرا اللہ تو رب العالمیں ہے
اُسی کے ہیں یہ پانچوں برِ اعظم
اُس کا یہ سمائے سُرمگیں ہے
یہودی اور نصرانی اُسی کے
اُسی کے ہیں یہ ہندو ، آفریں ہے
اُسی کے حُکم سے اُتریں کتابیں
وہ سب نیبوں کا ربُ الاولیں ہے
اُسی کا راز ہے ختمِ نبوت
ازل سے تا ابد وہ آخریں ہے
وہی سورج ہے اور نجم و قمر ہے
اُسی کا روپ کوہِ مرمریں ہے
یہ کشت و باغ اُس کا خوانِ یغما
سمندر اُس سخی کا ساتگیں ہے
اُسی کی ہیں زبانیں اور بیانات
یہ اُس کی حمد کتنی دل نشیں ہے
کوئی ہے دیوتا اُس کا کوئی بھوت
کوئی ڈائن ہے کوئی نازنیں ہے
اُسی کا کھیل ہے ابلیس سازی
اُسی کے سانپ ہیں اور آستیں ہے
پروتا ہوں میں وہ الفاظ مسعود
کہ جن میں رنگ و بُوئے یاسمیں ہے
۔ ۔ ۔ مسعود مُنّور ۔ ۔ ۔ ۔